نئی دہلی،یکم مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان میں ایک بار پھر ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ ’’ایل پی جی کی قیمت ایک بار پھر بڑھا کر مودی حکومت نے صاف کر دیا ہے کہ عوام کی تکلیفوں سے انھیں کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ آج ایل پی جی، کل پٹرول-ڈیزل۔‘‘
واضح رہے کہ یکم مارچ کو مہنگائی کا زوردار جھٹکا عوام نے محسوس کیا ہے۔ ہندوستان میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ دہلی میں 19 کلو کے کمرشیل رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت 105 روپے اور کولکاتا میں 108 روپے بڑھ گئی ہے۔ 5 کلو والے کمرشیل رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں بھی 27 روپے کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ نئی شرحیں آج سے اثرانداز ہیں۔ عوام کے لیے تھوڑی راحت کی خبر یہ ہے کہ گھریلو رسوئی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔